
جنرل قمر باجوہ نے پاکستانی فوج کی کمان جنرل عاصم منیر کے حوالے کر دی
جنرل عاصم منیر پاکستان کے 17 ویں فوجی سربراہ بن گئے ہیں۔ اپنے آخری خطاب میں اُنھوں نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دوسری طرف اسلام آباد کی عدالت نے متنازع ٹویٹس کے مقدمے میں سینیٹر اعظم سواتی کا مزید چار روز کا ریمانڈ منظور کر لیا گیا ہے۔
لائیو رپورٹنگ
time_stated_uk
بریکنگعمران خان کا اعظم سواتی کی گرفتاری پر بیان: ’حیران ہوں ہم کتنی تیزی سے فسطائی ریاست کی جانب بڑھ رہے ہیں‘
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اداروں کے خلاف متنازع بیانات پر دوبارہ گرفتار ہونے والے سینیٹر اعظم سواتی کے حوالے سے بیان میں کہا کہ ’حیران ہوں ہم کتنی تیزی سے ایک فسطائی ریاست کی طرف بڑھ رہے ہیں۔‘
سابق وزیر اعظم عمران خان نے سینیٹر اعظم سواتی کی دوبارہ گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ’حیران ہوں ہم کتنی تیزی سے نہ صرف ایک بنانا ریپبلک بلکہ فسطائی ریاست کی طرف بڑھ رہے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’سینیٹر اعظم سواتی کو دوران حراست تشدد اور بلیک میل کرنے کی ویڈیو ان کی بیوی کو بھیجنے کی تکلیف کو کوئی کیسے نہیں سمجھ سکتا؟ ناانصافی پر اعظم سواتی کا غصہ اور مایوسی جائز ہے۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ’اعظم سواتی کی حمایت میں سینیٹرز کی اپیلوں کے 15 دن سے زیادہ گزرنے کے باوجود سپریم کورٹ کے دروازے ان کے لیے بند رہے، وہ ٹویٹ کرتے رہے اور دوبارہ گرفتار ہو گئے ، اس ریاستی فاشزم کے خلاف سب کو آواز اٹھانا ہو گی۔‘
یاد رہے کہ ایف آئی اے نے سینیٹر اعظم خان سواتی کو سوشل میڈیا پر متنازع بیانات کے الزام میں اتوار کی صبح دوبارہ گرفتار کیا ہے اور ان کے خلاف سائبر کرائم کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
اعظم سواتی کی دوبارہ گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی کہا کہ ’میں اعظم سواتی کی دوبارہ گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ یہ اپنے جمہوری حقوق کا مطالبہ کرنے والے پاکستانی شہریوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جاتا ہے؟ کیا اس فاسشٹ حکومت کے ان کا حراستی تشدد، بلیک میلنگ اور ان کے وقار کے حق سے مکمل انکار کافی نہیں تھا؟
عمران خان: ’جب تک ہم حقیقی آزادی کی مراد نہیں پا لیتے، ہماری تحریک جاری رہے گی‘
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ جاری
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ جاری ہے اور یہ سلسلہ شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔
پہلے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع مظفرآباد، نیلم اور ہٹیاں میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا یے۔
سنہ 1991 کے بعد پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں کل 614 نشستوں پر 2725 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں 31 خواتین شامل ہیں۔
ان امیدواروں میں سے 19 بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ پولنگ کے لیے 1230 پولنگ سٹیشن اور بوتھ قائم کیے گے ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن سے پاکستان تحریک انصاف کے 575، پاکستان مسلم لیگ نون کے 465، پیپلزپارٹی کے 545، مسلم کانفرنس کے 113، تحریک لبیک کے 67، جماعت اسلامی کے46 جبکہ 900 آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں ۔
بریکنگمتنازع بیان کے معاملے پر سینیٹر اعظم سواتی دوبارہ گرفتار
پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کو اداروں کے خلاف متنازع بیان دینے کے معاملے پر ایف آئی اے نے ایک بار دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے انھیں اداروں کے خلاف ایک متنازع ٹوئٹ کرنے پر درج مقدمے میں چک شہزاد کے فارم ہاؤس سے گرفتار کیا۔
سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کے وقت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ ’آج یہ مجسٹریٹ سے وارنٹ گرفتاری لے کر آئے ہیں میں بھاگنے والا نہیں میں خود قانون کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہوں، میں ملک میں قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑ رہا ہوں اور یہ قانون نے مطابق جو بھی تحقیقات ہو گی اس کے بعد میں ہر سزا بھگتنے کو تیار ہوں۔‘
انھوں نے فوج اور سکیورٹی اداروں کے اعلیٰ افسران پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’میں پوری قوم اور اپنے تمام سینیٹر ساتھیوں سے کہتا ہوں کہ باہر نکلیں اور ملک میں قانونی کی حکمرانی کی آواز بلند کریں تاکہ مستقبل میں یہ لوگ کسی کو بے لباس نہ کر سکیں۔‘
یاد رہے اس سے قبل بھی انھیں 13 اکتوبر کوسیکورٹی اداروں نے اداروں کے خلاف متنازع بیان دینے کے معاملے پر حراست میں لیا تھا۔ جبکہ انھوں نے دوران حراست سکیورٹی اداروں پر ان پر تشدد کرنے اور ان کے ویڈیو بنانے کے الزامات عائد کیے تھے۔
اعظم سواتی کی دوبارہ گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اور سابق ایم این اے اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج اعظم سواتی کے گرفتاری کے وقت جس باوقار انداز کا مظاہرہ کیا وہ اصول کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ آپ ان کے خیالات یا الفاظ کے چناؤ سے اختلاف کر سکتے ہیں لیکن آپ اس سے اختلاف نہیں کر سکتے کہ جو بھی کارروائی ہو وہ قانون کے دائرہ کار سے باہر نہیں ہونی چاہیے۔‘
صوبائی اسمبلیوں میں کسی بھی وقت عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے، اسمبلیاں تحلیل نہیں ہوں گی: رانا ثنا اللہ
وفاقی وزیرِ داخلہ راناثنا اللہ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’ممکن ہی نہیں! صوبائی اسمبلیوں میں وقت ضائع کیے بغیر کسی بھی وقت عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے۔
’نتیجتاً صوبائی اسمبلیاں تحلیل نہیں ہوں گی، قائم رہیں گی۔ صوبہ پنجاب میں حکومت قائم کرنے کے لیے واضح طور پر اپوزیشن کے پاس نمبر پورے ہیں۔‘
بریکنگجس دن عمران خان نے کہا اس وقت پنجاب اسمبلی توڑ دی جائے گی: مونس الٰہی
پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ ’27 جولائی کو اللہ پاک نے ہمیں سرخرو کیا تھا اور پرویز الٰہی کو وزیرِ اعلیٰ بنایا تھا۔
’اس دن کے بعد سے ہم بونس پہ چل رہے۔ ہم اپنے وعدے پر قائم ہیں۔ جس دن عمران خان نے کہا اس وقت انشااللہ پنجاب اسمبلی توڑ دی جائے گی۔‘
خیال رہے کہ عمران خان کی جانب سے کیے گئے اعلان کے بعد سے مقامی میڈیا میں یہ بحث چھڑ گئی ہے کے آیا پرویز الٰہی اسمبلیاں توڑنے کا فیصلہ کریں گے یا نہیں۔
بریکنگہم نے تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ کر لیا، تاریخ کا اعلان مشاورت سے کریں گے: عمران خان
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم نظام کا حصہ نہیں رہنا چاہتے اور اس بارے میں حتمی تاریخ کا اعلان مشاورت سے کریں گے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ہم نے اس امپورٹڈ حکومت سے الیکشن مانگنے تھے کیونکہ پوری قوم الیکشن چاہتی تھی۔
’ہم نے اداروں پر دباؤ ڈالنا تھا کہ معیشت کا برا حال ہے اور ان کے پاس اس کا حل نہیں ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’طاقت ور اداروں کو بتا رہا ہوں کہ یہ ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے۔ جب کسی ملک کی معاشی سلامتی گرتی ہے تو اس کی قومی سلامتی بھی متاثر ہوتی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر نو ماہ بعد بھی الیکشن ہوئے تب بھی الیکشن جیتنا تو ہم نے ہے۔
’میں آپ کو اسلام آباد کی کال دے سکتا تھا لیکن میں نے اپنی ساری سیاست آئین و قانون کے درمیان رہ کر کی ہے اور میں انتشار نہیں چاہتا۔‘
بریکنگجس نے اپنے اثاثوں میں اضافہ کیا، انسانی حقوق کو پیروں تلے روندا تاریخ اس کے بارے میں بھی لکھ رہی ہے: عمران خان
عمران خان نے کہا کہ ’وہ جس نے اپنے اثاثوں میں بڑا اضافہ کیا اور پاکستانی کی عوام کے حقوق کو پیروں تلے روندا تاریخ لکھ رہی ہے کہ اس نے ملک سے کیا کیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے ادارے اپنی غلطیوں سے نہیں سیکھتے۔
انھوں نے کہا کہ آج جو جماعت پورے ملک کو اکٹھا رکھ سکتی ہے اس پر ظلم کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پنجاب میں ہماری حکومت ہوتے ہوئے، ملک کا سابق وزیرِ اعظم، سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ اپنی ایف آئی آر نہیں کٹوا سکتا۔
’میں خون کے آخری قطرے تک اس ملک کے لیے لڑوں گا۔‘
نیب میرے نیچے نہیں، اسٹیبلشمنٹ کے نیچے تھی: عمران خان
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اپنے اقتدار میں ایک جگہ فیل ہوا ہوں، میں طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لا سکا۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اس کی وجہ یہ تھی کہ نیب میرے نیچے نہیں تھی اسٹیبلشمنٹ کے نیچے تھی۔
’جن کے پاس طاقت تھی وہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے۔ مجھے نیب کی جانب سے کہا جاتا تھا ابھی اوپر سے آرڈر نہیں آیا۔‘
انھوں نے کہا کہ میں جب انھیں میٹنگز میں کہتا تھا کہ احتساب کیوں نہیں کیا جا رہا تو مجھے جواب ملتا تھا کہ آپ معیشت پر توجہ دیں اور انھیں این آر او دے دیں۔
کیا ضرورت تھی ہماری حکومت کو سازش کے تحت نکالنے کی: عمران خان
عمران خان نے کہا کہ پاکستان اگر ایک عظیم ملک نہیں بنا تو اس کی ایک وجہ ہے کہ یہاں کبھی بھی قانون کی حکمرانی نہیں آئی۔
عمران خان نے کہا کہ کیا ضرورت تھی ہماری حکومت کو سازش کے تحت نکالنے کی۔
انھوں نے کہا کہ ’ہم نے تو ملک کو اٹھا دیا تھا، کسانوں کو اٹھا دیا تھا، تو ملک تو اوپر جا رہا تھا۔‘
عمران خان نے کہا کہ پہلی دفعہ غریبوں نے صحت کارڈ کے تحت نجی ہسپتالوں میں علاج کروایا۔
بریکنگوہ تین لوگ جنھوں نے میرے قتل کی سازش کی وہ اب بھی بڑے عہدوں پر موجود ہیں: عمران خان
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے جلسے سے خطاب کے آغاز میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تین لوگ جنھوں نے میرے قتل کی سازش کی وہ اب بھی بڑے عہدوں پر موجود ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مجھے کہا گیا تھا کہ ’یہ دوبارہ واردات کر سکتے ہیں اور اس ٹانگ کے ساتھ سفر کرنا مشکل تھا۔‘
عمران خان کی تقریر شروع، تاخیر کے لیے شرکا سے معذرت
عمران خان نے راولپنڈی جلسے سے خطاب شروع کر دیا ہے اور آغاز میں تاخیر کے لیے شرکا سے معذرت کی ہے۔
باجوہ صاحب سے پوچھ رہا ہوں کے ان اثاتے کتنے ہیں اور کہاں سے آئے ہیں: اعظم سواتی
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اعظم سواتی نے تقریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’باجوہ صاحب تم سے پوچھ رہا ہوں اور پوچھتا رہوں گا کہ تمھارے اثاثے کتنے ہیں اور کہاں سے آئے ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’کون ہیں وہ لوگ جو سیاست دانوں، ججوں، تاجروں کی فائلیں بناتے ہیں اور انھیں بلیک میل کرتے ہیں۔‘
بریکنگراولپنڈی جلسہ: عمران خان سٹیج پر پہنچ گئے
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان راولپنڈی جلسے سے خطاب کے لیے سٹیج پر موجود ہیں۔ اب سے کچھ دیر بعد وہ اپنی تقریر کا آغاز کریں گے۔
پاکستان کی عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ غلامی نامنظور ہے: اسد عمر
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فوج کے سیاسی کردار کے حوالے سے بات کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’کیا کوئی ماں اپنے بچے کو اس لیے فوج میں بھیجتی ہے کہ وہ سیاست دانوں کو کالز کر کے یہ کہیں گے کہ کس کا ساتھ دینا ہے اور کس کا نہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’پاکستان کی عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ غلامی نامنظور ہے اور یہ قوم کے سامنے سر جھکانے کے لیے تیار نہیں ہے۔‘
راولپنڈی میں پی ٹی آئی کا جلسہ: مری روڈ سے جلسہ گاہ کے مناظر دیکھیے!
راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا جلسہ جاری ہے۔ چاندنی چوک سے دیکھیے ہمارے نامہ نگار شہزاد ملک اور نئیر عباس کی ویڈیو۔۔۔
عمران خان کا نو سالہ پلان، اپنا من پسند چیف لانے کا پلان۔۔۔ فیل ہو گئے: مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایک ٹویٹ میں عمران خان کے حقیقی آزادی مارچ کو ’ناکام ترین لانگ مارچ‘ قرار دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’ایک کے بعد ایک ڈرامہ اور جھوٹ، مگر سچ یہی ہے کہ عمران کا نو سالہ پلان، سازش کے ذریعے حکومت ختم کرنے کا پلان، اپنا من پسند چیف لانے کا پلان، چیف کی تقرری میں رخنہ ڈالنے کا پلان، نئے چیف کو متنازع بنانے کا پلان، سب پلان بری طرح فیل ہو گئے۔‘
جلسے کے بعد اسلام آباد کے شہری گھروں کو ریلی کی صورت میں نہیں جا سکتے: اسلام آباد پولیس
اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز سہیل اقبال چٹھ نے راولپنڈی میں بی بی سی کی نامہ نگار سحر بلوچ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں 17 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے ہوئے تاکہ شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
انھوں نے کہا کہ جب اسلام آباد کے شہری جلسے کے بعد جب واپس جائیں گے تو وہ انفرادی طور پر ایسا کر سکتے ہیں، ریلی کی صورت میں نہیں۔
’افواجِ کے خلاف غلیظ مہم اور گالیوں سے عمران خان کی اصلیت سامنے آ رہی ہے‘
وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ صحافیوں پر تشدد اور افسران کو گالیوں کے واقعات انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’یہ گالیاں نہیں مسترد ہونے کی باعث بے چینی ہے۔
’افواجِ پاکستان کے خلاف غلیظ مہم اور گالیوں سے ہر گزرتے لمحے کے ساتھ عمران خان کی اصلیت سامنے آ رہی ہے۔‘
اگر انھوں نے دھرنا دینے کا فیصلہ کیا تو مغرب کے بعد چھ، سات سو لوگ رہ جائیں گے: رانا ثنا اللہ
پاکستان کے وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں جلسے کے بعد دھرنا دینے کا فیصلہ کیا تو مغرب کے بعد یہاں چھ، سات سو لوگ رہ جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ محاذ آرائی کی سیاست سے انھیں کچھ نہیں ملا، امید ہے کہ انھیں اب سمجھ آ جائے اور یہ جمہوری طریقے اختیار کر لیں۔